منگل 14 جولائی 2026 - 01:32
شہادت حق کی ابدی فتح ہے: آغا سید مجتبیٰ

حوزہ/امام زین العابدینؑ کی شہادت کی مناسبت سے منعقدہ مجلسِ عزاء سے آغا سید مجتبیٰ موسوی نے خطاب میں حضرت امام زین العابدینؑ اور شہید رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای (رہ) کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے عدل، مزاحمت اور عوامی مینڈیٹ کی تکمیل پر زور دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس موسوی الصفوی نے حضرت امام زین العابدینؑ کے یوم شہادت کے موقع پر شالیمار جموں وکشمیر میں منعقدہ تاریخی 25 محرم کے جلوس ذوالجناح سے ہزاروں عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل بیتؑ بالخصوص حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانیاں انسانیت، عدل، عزت نفس، حق اور ظلم کے خلاف مزاحمت کا ابدی منشور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ رحمت، انصاف، شفقت اور الٰہی ہدایت پر قائم ہے، جبکہ حضرت امام حسینؑ نے اقتدار کے لیے نہیں بلکہ انسانی وقار، دینی اقدار اور حق کی سربلندی کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

شہادت حق کی ابدی فتح ہے: آغا سید مجتبیٰ

انہوں نے کہا کہ محرم صرف سوگ کا مہینہ نہیں بلکہ انسانی ضمیر کو بیدار کرنے والی ایک عالمگیر تحریک ہے، جو امت مسلمہ کو ہر قسم کے اختلافات سے بالاتر ہو کر دنیا بھر کے مستضعفین اور مظلوموں کی حمایت کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ آج عالمی طاقتیں اور بین الاقوامی ادارے مظلوم انسانیت کے تحفظ میں ناکام ثابت ہو رہے ہیں، حالانکہ حقیقی تہذیب کا معیار عسکری طاقت نہیں بلکہ مظلوموں کے حقوق کا دفاع ہے۔

آغا سید مجتبیٰ نے شہید رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای (رہ) کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں عصر حاضر میں ظلم و استکبار کے خلاف مزاحمت اور مظلوموں کی حمایت کی سب سے نمایاں علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پوری زندگی حق، عدل اور استقامت کی جدوجہد سے عبارت تھی اور ان کی عظیم شہادت نے تحریک مزاحمت کو نئی قوت اور تازگی عطا کی۔

شہادت حق کی ابدی فتح ہے: آغا سید مجتبیٰ

انہوں نے کہا کہ ان کے عظیم الشان جنازے میں لاکھوں افراد کی شرکت ان کی اخلاقی قیادت، بے مثال شجاعت اور عالمی سطح پر ان کی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہادت شکست نہیں بلکہ حق کی سب سے بڑی فتح ہے، کیونکہ باطل کی تمام عسکری طاقتیں ایمان، قربانی اور سچائی پر مبنی نظریات کو کبھی شکست نہیں دے سکتیں۔ امام خمینیؒ کے تاریخی فرمان ’’امریکہ کچھ نہیں بگاڑ سکتا‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ استکباری قوتیں جنگیں مسلط کر سکتی ہیں، بم برسا سکتی ہیں اور قائدین کو شہید کر سکتی ہیں، لیکن وہ مزاحمت کے نظریے کو کبھی ختم نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ولایت فقیہ کا نظام کسی ایک شخصیت کا محتاج نہیں بلکہ قیادت، علم اور تسلسل پر مبنی ایک مضبوط اور پائیدار نظام ہے۔

حضرت امام زین العابدینؑ کی شہادت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امام سجادؑ نے اپنے بے مثال صبر، استقامت اور روحانی قیادت کے ذریعے سانحۂ کربلا کو ایک دائمی اخلاقی اور فکری تحریک میں تبدیل کر دیا، جس نے ثابت کر دیا کہ قومیں قربانیوں سے سربلند ہوتی ہیں اور حق کی تحریک کو کبھی مٹایا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے شہید رہبر معظم کو خراج عقیدت پیش کرنے والے عزاداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے، چھاپوں اور مبینہ ہراسانی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات غیر منصفانہ اور ناقابل قبول ہیں، اور پُرامن شہریوں کے جمہوری و مذہبی حقوق کا ہر حال میں احترام کیا جانا چاہیے۔

شہادت حق کی ابدی فتح ہے: آغا سید مجتبیٰ

جموں و کشمیر کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے آغا سید مجتبیٰ نے نیشنل کانفرنس حکومت کو یاد دلایا کہ عوام نے اسے صرف ریاستی درجے کی بحالی کے وعدے پر نہیں بلکہ دفعہ 370 اور 35 اے کی بحالی کے عزم پر بھی مینڈیٹ دیا تھا۔

انہوں نے سوال کیا کہ اگر جنتر منتر میں احتجاج کیا جا رہا ہے تو اس میں صرف ریاستی درجے کی بحالی کا مطالبہ کیوں کیا جا رہا ہے، جبکہ دفعہ 370، 35 اے، ہزاروں نظر بندوں اور سیاسی قیدیوں کی رہائی جیسے بنیادی وعدوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی امنگوں کو صرف ریاستی درجے تک محدود کرنا عوامی مینڈیٹ سے انحراف کے مترادف ہے اور حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنے تمام وعدے حرفاً و روحاً پورے کرے۔

شہادت حق کی ابدی فتح ہے: آغا سید مجتبیٰ

اپنے خطاب کے اختتام پر آغا سید مجتبیٰ نے عزاداروں سے اپیل کی کہ وہ حضرت امام حسینؑ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے جلوسوں کے اختتام پر سڑکوں اور عوامی مقامات کی مکمل صفائی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کا تحفظ، صفائی ستھرائی اور شہری ذمہ داری بھی حسینی اخلاقیات اور سماجی شعور کا اہم حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ، حضرت امام زین العابدینؑ اور شہید رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای (رہ) کی عظیم قربانیاں رہتی دنیا تک انسانیت کو حق، عدل، عزت، استقامت اور ظلم کے خلاف مزاحمت کا درس دیتی رہیں گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha